بھارت کے سرکاری اسپتال کے آئی سی یو میں آتشزدگی، 10 مریض ہلاک
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ برقی شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے
بھارت کی مشرقی ریاست اوڈیشہ میں ایک سرکاری اسپتال کے ٹراما سینٹر کے آئی سی یو میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 10 مریض ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعہ پیر کی علی الصبح پیش آیا۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد اسپتال میں زیر علاج مریض تھے، جبکہ مریضوں کو بچانے کی کوشش کے دوران 11 اسپتال ملازمین جھلس گئے جنہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق آگ ایس سی بی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے ٹراما کیئر آئی سی یو میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈھائی بجے لگی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ برقی شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، جبکہ آئی سی یو سمیت متاثرہ وارڈز سے مریضوں کو فوری طور پر اسپتال کے دیگر شعبوں میں منتقل کر دیا گیا۔
بھارت میں اسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں اور اکثر ان کی وجہ برقی خرابی قرار دی جاتی ہے۔
گزشتہ برس راجستھان میں ایک آئی سی یو میں آگ لگنے سے 6 مریض ہلاک ہوگئے تھے۔ اسی طرح 2024 میں جھانسی کے ایک میڈیکل کالج کے نوزائیدہ بچوں کے آئی سی یو میں آتشزدگی سے کم از کم 10 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے۔
2021 میں ویرار کے ایک اسپتال میں آئی سی یو آگ لگنے سے کورونا کے زیر علاج 13 مریض ہلاک ہوئے تھے، جبکہ اسی سال مہاراشٹر کے ضلع بھنڈارا میں نوزائیدہ بچوں کے وارڈ میں لگنے والی آگ سے 10 بچے جان کی بازی ہار گئے تھے۔
