فہد مصطفیٰ نے خود کو ’مغرور‘ قرار دینے کے تاثر کو مسترد کردیا
میں مغرور نہیں ہوں، فہد مصطفیٰ
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ نے خود کو مغرور قرار دینے کے تاثر کو مسترد کردیا۔
حال ہی میں ایک ویب شو کو دیے گئے انٹرویو میں فہد مصطفیٰ نے کہا کہ میں مغرور نہیں ہوں لیکن اتنا ضرور سمجھتا ہوں کہ کب کھل کر گفتگو کرنی ہے اور کب خاموش رہنا بہتر ہوتا ہے، اور یہ ہر انسان کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں محسوس ہو کہ ان کی اور سامنے والے کی وائب نہیں مل رہی تو وہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ بعض اوقات وہ لوگوں کے ساتھ آسانی سے گھل مل جاتے ہیں اور بعض مواقع پر ایسا نہیں ہوتا۔
اداکار نے بتایا کہ اکثر تقریبات میں شرکت نہیں کرتا کیونکہ جب لوگ مجھے پہچان لیتے ہیں تو صورتحال مشکل ہو جاتی ہے۔ میں خود کو ٹام کروز یا شاہ رخ خان نہیں سمجھتا، تاہم بعض اوقات لوگوں سے ملنا مشکل محسوس ہوتا ہے، خصوصاً جب ہر وقت انسان کا حلیہ بہتر نہ ہو اور لوگ تصاویر بنانا شروع کردیں۔
انٹرویوز میں ہونے والی غلطیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں خود اتنی غلطیاں نہیں کرتا جتنی میرے اردگرد موجود لوگ کر جاتے ہیں۔ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ میں اتنا مقبول ہوں کہ لوگ اپنے انٹرویوز میں میرا ذکر کرنا پسند کرتے ہیں جبکہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ مشہور شخصیات تقریباً ہر شو میں میرا ذکر کیوں کرتی ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ مجھے اس بات پر کوئی اعتراض نہیں بلکہ فخر محسوس ہوتا ہے کہ لوگ میرا ذکر کرنا چاہتے ہیں، تاہم میں حد سے زیادہ تعریف سے گھبراتا ہوں کیونکہ جب کسی کی بہت زیادہ تعریف ہونے لگے تو بعض لوگ اسے نقصان پہنچانے کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں۔
