ایران اسرائیل جنگ: بھارت کی دوغلی پالیسی پر ایران کا سخت ردعمل
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں بھارت کی مبینہ دوغلی پالیسی پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بھارت جانے والے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آبنائے ہرمز میں بھارت کے شہر گجرات جانے والے تھائی لینڈ کے ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس سے جہاز میں آگ لگ گئی اور انجن روم کو شدید نقصان پہنچا۔
عالمی میڈیا کے مطابق مال بردار جہاز مایوری ناری کو پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت جانے والے تجارتی جہاز کو نشانہ بنانا ایران کی جانب سے بھارت کے خلاف سخت ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران حالیہ اقدامات خصوصاً ایرانی جنگی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کو اپنے خلاف بھارتی صف بندی کا حصہ سمجھ رہا ہے۔
عالمی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران بھارت کی اس پالیسی پر شدید ناراض ہے جس میں ایک طرف وہ ایران کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کی بات کرتا ہے جبکہ دوسری جانب عملی طور پر اسرائیل کے قریب دکھائی دیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران اور بھارت کے تعلقات میں پیدا ہونے والی پیچیدگی کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔
