سحر ہاشمی کی دل کو چھو لینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تو اسی دوران والدہ کا انتقال ہو گیا تھا، اداکارہ
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، تاہم انکی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے جذباتی دکھائی دیں اور آنکھوں میں آنسو لیے انہیں یاد کر رہی تھیں۔
سحر ہاشمی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ جب انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا تو اسی دوران ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا تھا، جس نے ان کی زندگی میں گہرا خلا چھوڑ دیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جب وہ اپنی والدہ کو بہت شدت سے یاد کرتی ہیں۔
سحر ہاشمی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مرحوم والدہ کے لیے دعائیں کیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اتنے بڑے نقصان کے باوجود مثبت رہنا اور مہربانی کا راستہ اختیار کرنا قابلِ تعریف ہے جبکہ ایک مداح نے کہا کہ آپ کی والدہ یقیناً آپ پر فخر کریں گی۔
ایک اور صارف نے دعا دیتے ہوئے لکھا کہ اللہ آپ کو اور آپ کے والد کو سلامت رکھے۔
