نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: پشاور میں میچز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری
شائقین کرکٹ پشاور میں تین مختلف ایکسپریس سینٹرز سے ٹکٹیں خرید سکیں گے
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پشاور میں ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز کے لیے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق شائقین کرکٹ پشاور میں تین مختلف ایکسپریس سینٹرز سے ٹکٹیں خرید سکیں گے۔ ایک شناختی کارڈ پر ایک دن کے میچز کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹیں TCS کے تین مراکز یعنی ٹی سی ایس ایریا آفس، ٹی سی ایس چارسدہ روڈ ایکسپریس سینٹر اور ٹی سی ایس کالج چوک ایکسپریس سینٹر پر دستیاب ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کے دوران پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میں فیملیز کے لیے خصوصی وی آئی پی فیملی زون بھی قائم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا
وی آئی پی فیملی زون کے گروپ اسٹیج میچز کی ٹکٹیں 200 اور 250 روپے مقرر کی گئی ہیں جبکہ سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ان کی قیمت بالترتیب 400 اور 500 روپے ہوگی۔
گروپ اسٹیج میچز کے لیے وی آئی پی ٹکٹ 150 روپے، پریمیم ٹکٹ 100 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹیں 800 اور 600 روپے میں دستیاب ہوں گی۔
سیمی فائنل کے لیے وی آئی پی ٹکٹ 300 روپے، پریمیم 200 روپے اور وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
18 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 400 روپے، پریمیم ٹکٹ 300 روپے جبکہ وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 1200 روپے رکھی گئی ہے۔
