امریکی صدر کا عالمی ٹیرف 10 سے بڑھاکر 15 فیصد کرنے کا اعلان
کئی ممالک دہائیوں سے امریکا کا استحصال کرتے رہے ہیں، نئے قانونی ٹیرف جلد جاری کیے جائیں گے، ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ٹیرف 10 سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ صدر کی حیثیت سے عالمی ٹیرف 15 فیصد کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کئی ممالک دہائیوں سے امریکا کا استحصال کرتے رہے ہیں، نئے قانونی ٹیرف جلد جاری کیے جائیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کی پالیسی کا حصہ ہیں اور امریکا کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔
دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فرانس نئے 10 فیصد ٹیرف کے اثرات کا جائزہ لے گا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی تجارت پر محصولات لگانے کا اختیار قانونی دائرے سے باہر تھا، امریکی سپریم کورٹ
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فرانس امریکا کے ساتھ برآمدات جاری رکھنا چاہتا ہے، ٹیرف کے معاملے پر پُرسکون اور محتاط رویہ اپنانا ضروری ہے۔ جمہوریت میں طاقت کے توازن اور قانون کی حکمرانی کا ہونا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عالمی تجارتی ٹیرف اقدامات کو کالعدم قرار دیا تھا۔
عدالت نے واضح کیا تھا کہ صدر نے انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ کے تحت اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور عالمی تجارت پر محصولات لگانے کا اختیار قانونی دائرے سے باہر تھا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ قانون ہنگامی معاشی حالات میں بعض اختیارات دیتا ہے لیکن صدر کو عالمی سطح پر محصولات عائد کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
