ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ مرحلے کے 27 میچز مکمل ہوچکے ہیں، جبکہ آج مزید تین میچز شیڈول ہیں، جس کے بعد مزید 10 میچز باقی رہ جائیں گے۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق گروپ اے، سی اور ڈی سے سپرایٹ مرحلے کے لیے ایک، ایک ٹیم کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ گروپ بی سے کونسی ٹیم پہلے کوالیفائی کرے گی، اس کا فیصلہ آج ہوجائےگا۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق گروپ اے میں بھارت، گروپ سی میں ویسٹ انڈیز اور گروپ ڈی میں جنوبی افریقا کی ٹیمیں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، جن میں سے بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹکٹیں کنفرم ہوچکی ہیں، البتہ کسی بڑے اپ سیٹ کی صورت میں جنوبی افریقا کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں 40 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے اب تک 27 میچز کھیلے جاچکے ہیں، آج مزید تین میچز شیڈول ہیں، جس کے نتیجے میں سپر ایٹ مرحلے کی چوتھی ٹیم کا بھی آج فیصلہ تقریبا ہوجائے گا۔
گروپ اے
گروپ اے میں بھارتی ٹیم تین میچز جیت کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ دوسرے نمبر کے لیے امریکا اور پاکستان کے درمیان سخت مقابلہ ہے، اگر پاکستان نمیبیا سے اپنا آخری میچ نہ جیت سکا تو امریکا اور پاکستان کے درمیان سپر ایٹ مرحلے تک کوالیفائی کرنے کے لیے فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
موجودہ رن ریٹ کی بنیاد پر گروپ اے میں امریکا دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر ہے، اگر پاکستان نمیبیا سے ہار گیا تو امریکا کے سپر ایٹ مرحلہ کھیلنے کے امکانات زیادہ روشن ہوجائیں گے، اور پاکستان کا ورلڈ کپ کا سفر تمام ہوجائے گا۔ لہذا، اگر پاکستان کو ورلڈ کپ کا حصہ رہنا ہے تو نمیبیا سے میچ ہر صورت میں جیتنا ہوگا۔
اس گروپ میں نیدرلینڈز نے ایک مقابلہ جیتا ہے جبکہ نمبیا کی ٹیم اب تک کوئی پوائنٹس حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔
گروپ بی
گروپ بی میں سری لنکا اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے بہترین آغاز کیا ہے اور ہر ٹیم کے چار، چار پوائنٹس ہیں۔ آسٹریلیا اور آئرلینڈ نے دو، دو پوائنٹس حاصل کئے ہیں، جبکہ عمان کی ٹیم ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے۔
آج گروپ بی کی دو ٹیموں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان میچ شیڈول ہے، اگر یہ میچ سری لنکا جیتتا ہے تو سری لنکا سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرجائے گا اور اگر سری لنکا یہ میچ ہار گیا تو پھر سپر ایٹ تک رسائی کا فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
گروپ سی
گروپ سی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین مقابلوں میں جیت کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ چکی ہے، آج انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان میچ شیڈول ہے، اگر یہ میچ انگلینڈ کی ٹیم جیت جاتی ہے تو گروپ سی سے دوسری ٹیم کے طور پر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرجائے گی۔ اب تک اسکاٹ لینڈ اور اٹلی نے صرف دو، دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں، اور نیپال کی ٹیم اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے۔
گروپ ڈی
گروپ ڈی میں جنوبی افریقا کی ٹیم 6 پوائنٹس حاصل کرکے سپر ایٹ مرحلے کی مضبوط امیدوار بن گئی ہے، نیوزی لینڈ چار پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر ہے، متحدہ عرب امارات کی ٹیم ایک مقابلہ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کرچکی ہے جبکہ افغانستان اور کینیڈا کی ٹیمیں ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہیں۔ اگر کوئی بڑا اپ سیٹ نہ ہوا تو گروپ ڈی سے جنوبی افریقا کی سیٹ تقریبا پکی ہوچکی ہے۔
پوائنٹس جدول کے مطابق گروپ مراحل کے آخری مقابلے فیصلہ کن ہوں گے اور سپر ایٹ مرحلے میں کون سی ٹیمیں پہنچیں گی یہ انہی نتائج پر منحصر ہوگا۔
