لندن میں رمضان لائٹس کا شاندار افتتاح، بارش کے باوجود بڑی تعداد میں شرکت
موسلا دھار بارش کے باوجود سینکڑوں افراد، خاندانوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کر کے اس یادگار لمحے کو سراہا
برطانوی دارالحکومت میں رمضان المبارک کی آمد پر خصوصی روشنیوں کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہریوں اور کمیونٹی نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب میں میئر صادق خان نے روایتی “رمضان لائٹس” کا افتتاح کیا۔ موسلا دھار بارش کے باوجود سینکڑوں افراد، خاندانوں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کر کے اس یادگار لمحے کو سراہا۔
مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات کو رنگ برنگی روشنیوں، اسلامی پیغامات اور رمضان کی مبارکباد کے بینرز سے سجایا گیا جس سے پورا علاقہ روحانی اور تہوار جیسا منظر پیش کرنے لگا۔ شرکاء نے تصاویر اور ویڈیوز بنا کر خوشی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی بیٹی مونا خان نے لندن میراتھن میں گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
میئر صادق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ روشنیاں نہ صرف مسلمانوں کی مذہبی و ثقافتی روایات کی عکاسی کرتی ہیں بلکہ برطانیہ کے اس شہر کے تنوع، ہم آہنگی اور یکجہتی کی بھی علامت ہیں۔
ان کے مطابق لندن مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا گہوارہ ہے اور رمضان کی خوشیاں لوگوں کو قریب لاتی ہیں۔
شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام کمیونٹی میں محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں جبکہ بچوں اور نوجوانوں نے روشنیوں سے سجے ماحول کو یادگار قرار دیا۔
رمضان لائٹس کا یہ سلسلہ پورے رمضان المبارک جاری رہے گا اور مقامی افراد کے ساتھ سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
