آئی سی سی پاکستان مذاکرات ختم، بنگلا دیش کے معاملے پر بریک تھرو کا امکان
بنگلا دیش کے مطالبات پر آئی سی سی کا مثبت ردعمل، زیادتی کے ازالے کے لیے فارمولہ بھی تیار
آئی سی سی، پی سی بی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان اہم مذاکرات ختم ہوگئے، ذرائع کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بڑی پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں فریقین کے درمیان مذاکرات پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہے جن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور پاکستان-بھارت میچ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیا جبکہ مبینہ زیادتی کے ازالے کے لیے ایک فارمولہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کا دوٹوک فیصلہ، پی ایس ایل کی نشریات بھارت کے لیے بند
ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان تجاویز کا تبادلہ ہوا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے رابطہ کار کا کردار ادا کیا۔
آئی سی سی کے عمران خواجہ حتمی منظوری کے لیے واپس روانہ ہوگئے جبکہ بنگلا دیش بورڈ کے صدر بھی اپنی حکومت کو بریف کرنے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ مجوزہ فارمولے پر اتفاق کے بعد کل دوپہر آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان دوبارہ رابطہ ہوگا، جس سے اہم فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔