ملیر جیل توڑ کر فرار ہونے والے قیدی اب تک لاپتہ، پولیس چھ ماہ بعد بھی بے خبر
جیل توڑنے کے واقعے میں مجموعی طور پر 224 قیدی فرار ہوئے تھے
کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے خطرناک قیدیوں کا معمہ تاحال حل نہ ہو سکا۔ جیل توڑ کر فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 37 ملزمان چھ ماہ گزرنے کے باوجود قانون کی گرفت سے باہر ہیں، جسے سندھ پولیس کی ایک بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مفرور قیدیوں میں قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔
ان خطرناک افراد کی عدم گرفتاری نے شہر میں سیکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں سے دو قیدی، علی شاہ عرف شاہد اور ملہار، قتل کے مقدمات میں قید تھے، جبکہ آٹھ قیدیوں کے خلاف ڈکیتی، اقدامِ قتل اور پولیس مقابلوں کے مقدمات درج تھے۔
واضح رہے کہ جیل توڑنے کے واقعے میں مجموعی طور پر 224 قیدی فرار ہوئے تھے، جن میں سے 187 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، تاہم 37 مفرور قیدی آج بھی پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب ہیں۔
