پاک بنگلادیش فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق

پاک بنگلادیش فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق

بنگلادیشی ایئر چیف کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

راولپنڈی: بنگلادیشی ایئر چیف کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنگلادیش ایئر فورس کے چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران بنگلادیشی ایئرچیف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی جس میں دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

تربیتی مشقوں اور استعداد کار میں تعاون

ملاقات میں دونوں افواج نے تربیتی مشقوں، استعداد کار اور ایرو اسپیس صنعت میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے بنگلادیشی ایئر چیف کو پاکستان کی جدید فضائی صلاحیتوں اور تربیتی پروگرامز پر بریفنگ دی۔

گارڈ آف آنر اور شاندار استقبال

بنگلادیشی ایئر چیف کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور وفد کو نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ کرایا گیا۔

جہاں انہوں نے سائبر، خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ نظاموں میں پاک فضائیہ کی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔

ایرو اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی میں شراکت داری

وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں جدید سہولیات کا بھی دورہ کیا اور ان کی تعریف کی۔ دونوں ممالک نے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی، بنیادی سے اعلیٰ سطحی تربیت اور فضائی بیڑے کی تعمیرِ نو میں تعاون پر اتفاق کیا۔

دفاعی تعلقات اور طویل المدتی شراکت داری

پاک فضائیہ اور بنگلہ دیش ایئر فورس نے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کے استعمال، ریڈار سسٹمز کے انضمام اور ایئر ڈیفنس نظام کو مضبوط بنانے پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان کے حربی ریکارڈ اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related posts

دبئی کانز میں فلمی صنعت کی ترقی کی نمائش کرتا ہے کیونکہ DFGC عالمی پیداواری مرکز کی حیثیت کو نشانہ بناتا ہے۔

معروف افغان کرکٹر کے انتقال کی خبر وائرل، حقیقت کچھ اور نکلی

محمد بن راشد نے عوامی خدمات میں اے آئی کو اپنانے کو تیز کرنے کے لیے ‘یو اے ای گورنمنٹ 4.0’ کا آغاز کیا