لاہور کی عدالت نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی اور دیگر ملزمان کے خلاف جوئے کی ایپ کی تشہیر سے متعلق مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ 16 جنوری مقرر کردی ہے۔
عدالت کے روبرو ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے انہیں چالان کی نقول پیش کیں اور فرد جرم کے لیے طلب کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ اور دیگر کل 4 ملزمان پر 16 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
اس مقدمے کا چالان نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (NCIS) نے عدالت میں پیش کیا، گزشتہ برس یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا کہ ڈکی بھائی نے جوئے کی ایپ کی تشہیر اور صارفین کو ترغیب دینے کا کام کیا۔
