دبئی : اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
پاکستان نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 347 رنز بنائے، جبکہ اس دوران پاکستان 8 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے بلے بازی کے ذریعے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی اوپنر سمیر منہاس نے صرف 71 گیندوں پر جارحانہ سنچری جڑ دی۔
انہوں نے تہرے ہندسے تک پہنچنے کے لیے صرف 71 گیندوں کا سہارا لیا، اس دوران انہوں نے 12 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔
پاکستان کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے 172 رنز کی شاندار جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کے لیے خوفناک خواب ثابت ہوئے ہیں۔
تاہم بڑی تگ و دو کے بعد کنشک چوہان سمیر منہاس کو پویلین واپس بھیجنے میں کامیاب ہوسکے۔
کنشک چوہان کی گیند پر دیپیش نے سمیر منہاس کا کیچ تھام کر بھارتی ٹیم کو سمیر منہاس کے طوفان سے نجات دلائی۔
سمیر منہاس نے اپنی 172 رنز کی شاندار اننگز میں صرف 113 گیندوں کا سامنا کیا اور اس دوران 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔
ان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے 47 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنالیے ہیں۔
ان کے علاوہ، احمد حسین 72 گیندوں پر 56 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ عثمان خان 35، کپتان فرحان یوسف 19، حمزہ ظہور 18 ، نقاب شفیق 12، محمد صیام 13، عبدالسبحان 2، محمد شایان 7 رنز بناسکے۔ جبکہ حذیفہ احسان صفر بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے فائنل سے قبل کہا تھا کہ ٹیم پوری طرح تیار ہے، بھرپور مقابلہ کرے گی اور ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔
پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا ہے، لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا۔
2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ چیمپئن رہے تھے۔