صدرِ مملکت عراق کے سرکاری دورے پر روانہ
صدرِ مملکت 20 سے 24 دسمبر تک عراق میں قیام کریں گے، جہاں وہ عراقی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید کی دعوت پر عراق کے سرکاری دورے کے لیے روانہ ہوگئے۔
صدرِ مملکت 20 سے 24 دسمبر تک عراق میں قیام کریں گے، جہاں وہ عراقی قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کی عراقی صدر، وزیرِاعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور تعمیرِ نو کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے ایجنڈے میں افرادی قوت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط کو فروغ دینے سے متعلق امور بھی شامل ہیں جب کہ علاقائی اور عالمی حالات سمیت کثیرالجہتی تعاون پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مذہبی سیاحت اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی امید ہے۔ صدرِ مملکت کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی دورۂ عراق میں شامل ہے۔
وفد میں نائب صدر پیپلز پارٹی شیری رحمان، سیکرٹری جنرل بیر بخاری، ترجمان ندیم افضل چن اور بلوچستان سے وزیر میر علی حسن زاہری شامل ہیں۔
