امریکا کا شام میں داعش کے ٹھکانوں پر شدید حملوں کا آغاز
شام میں داعش کے خلاف یہ کارروائی امریکی فوجیوں کے قتل کے جواب میں کی جا رہی ہے
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بھرپور فضائی حملے شروع کر دیے ہیں۔
امریکی صدر کے اعلان کے مطابق شام میں داعش کے خلاف یہ کارروائی امریکی فوجیوں کے قتل کے جواب میں کی جا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ شام میں داعش نے امریکی فوجیوں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا، جن کی باوقار آخری رسومات ادا کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق امریکا انتہائی سنگین جوابی کارروائی کر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق امریکی افواج شام میں داعش کے ٹھکانوں کو شدت سے نشانہ بنا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شام کی سرزمین طویل عرصے سے خونریزی اور بے شمار مسائل کا شکار رہی ہے، اور اگر داعش کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے تو شام کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ شامی حکومت کی قیادت ایسا شخص کر رہا ہے جو ملک کو دوبارہ عظمت کی راہ پر لانے کے لیے محنت کر رہا ہے، اور شام کی حکومت امریکی کارروائی کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکیوں پر حملے کرنے والے تمام دہشت گردوں کو کھلا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا پر حملہ کیا گیا یا دھمکی دی گئی تو ایسی ضرب لگائی جائے گی جو اس سے پہلے کبھی محسوس نہیں کی گئی ہوگی۔
