لاہور: نیشنل گیمز 2025 میں پنجاب کی مجموعی برتری مضبوطی سے برقرار ہے، جبکہ دیگر صوبے میڈلز ٹیبل پر پیچھے رہ گئے ہیں۔
پنجاب کے کھلاڑیوں کا جذبہ، محنت اور شاندار کارکردگی نمایاں ہے، جس کی بدولت صوبہ مسلسل کامیابیاں سمیٹ رہا ہے۔
پنجاب کے کھلاڑی اب تک 9 گولڈ میڈلز حاصل کر چکے ہیں جبکہ مجموعی میڈلز کی تعداد 62 ہو گئی ہے، جس نے انہیں نیشنل گیمز کی رزلٹ لسٹ میں کئی اداروں اور ٹیموں سے آگے کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب کے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں غیر معمولی مہارت اور محنت کا ثبوت دیا ہے۔ ان کے مطابق اسپورٹس بورڈ پنجاب کی مؤثر حکمتِ عملی اور منصوبہ بندی اب رنگ لا رہی ہے۔
وزیر کھیل نے مزید کہا کہ پنجاب کے کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر جذبہ اور محنت ہو تو کامیابی یقینی ہے۔
ملک فیصل ایوب نے نیشنل گیمز میں مزید میڈلز جیتنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔
