چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشان امتیاز، نشان امتیاز (ملٹری) نے کہا ہے کہ ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اعزاز میں منعقدہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں الوادعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہورہی ہے، اس تبدیلی سے ہماری اندرونی اور بیرونی آزمائشوں پر گہرے اثرات مرتب ہورہے ہیں، یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر جنگ تک محیط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ہماری مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اور یکسو مقصد کے ساتھ تیار رہنا ہوگا، میں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو ایک اہم ضرورت سمجھتا ہوں نا کہ ایک خواہش، یہ مستقبل کے چینجلز کا سامنا کرنے کیلئے ایک ناگزیر تنظیمی اصلاح ہے۔
مزید پڑھیں: جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا الوداعی دورہ، پاک فضائیہ کی خدمات کو سراہا
اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کو ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک مکمل بااختیار اور مناسب صلاحیت سے لیس مسلح افواج، نظام کیلئے ایک عملی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کیلئے تیار رہنا ہوگا، میں تینوں افواج بالخصوص جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کیلئے اپنی نیک تمنائیں اور دعائیں بھی پیش کرتا ہوں، یہ ڈھانچہ جس طرح بھی قائم کیا جائے، اسے اپنی نئی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور عزم کے ساتھ پورا کرنا چاہیے۔

