پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ؛ 3 دہشت گرد ہلاک
پولیس کے مطابق ایک دھماکا مرکزی دروازے پر جبکہ دوسرا دھماکا موٹرسائیکل اسٹینڈ پر ہوا۔
پشاور: فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹر صدر پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جس کے دوران 2 خودکش دھماکے کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ایک دھماکا مرکزی دروازے پر جبکہ دوسرا دھماکا موٹرسائیکل اسٹینڈ پر ہوا۔
اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ 3 حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں مارے جاچکے ہیں جبکہ 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور صدر روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے، جس میں پولیس، ایف سی اور پاک فوج کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔
شہر کے داخلی و خارجی راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: فتنۃ الخوارج کا خودکش حملہ ناکام؛ 4 خوارجی جہنم واصل
سی سی پی او میاں سعید کے مطابق وہ خود آپریشن کی سربراہی کر رہے ہیں، علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ڈی سی پشاور نے کہا ہے کہ شہر کے تمام اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور حملے کی نوعیت، محرکات اور حملہ آوروں کے نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
