پشاور حملہ؛ فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے، وزیراعظم
وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والے خودکش حملے میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی اور ان کی جلد از جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کے مزموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔
مزید پڑھیں: پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش دھماکا؛ 3 اہلکار شہید، 3 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ پشاور میں صدر کوہاٹ روڈ پر واقع فیڈرل کانسٹبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز پر آج صبح تقریباً 8 بجے دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈکوارٹر پر 2 خودکش دھماکے کیے، ایک دھماکا مرکزی دروازے پر جبکہ دوسرا دھماکا موٹرسائیکل اسٹینڈ پر ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تینوں حملہ آور ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔
