سندھ پولیس گیمز 2025 اختتام پزیر، امن اور سکیورٹی کو مزید بہتر کرنے پر غور
سندھ پولیس گیمز 2025 پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن ساؤتھ میں منعقدہ ایک شاندار اور جاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
سندھ پولیس گیمز 2025 کا اختتام گرینڈ تقریب کے ساتھ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں ہوا، جس میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحق حسن لنجار نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قرآنی تلاوت اور شہداء پولیس کی یاد میں فاتحہ سے ہوا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ بارہ سال بعد سندھ پولیس گیمز کا انعقاد خوش آئند ہے اور آئندہ یہ سالانہ طور پر منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے 217 خواتین کھلاڑیوں کی شرکت کو سراہا اور کھلاڑیوں کے کھیل کے جذبے کو بھی داد دی۔ کراچی رینج پہلے، ایس ایس یو دوسرے اور ٹیلیکوم پولیس تیسرے نمبر پر رہی۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کراچی میں امن براہ راست کاروبار کی ترقی میں مدد دیتا ہے اور سندھ پولیس اس سلسلے میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے آئی جی سندھ کو ہدایت دی کہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے ایک بنیادی اضافہ بھی دیا جائے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحق حسن لنجار نے کہا کہ جسمانی، ذہنی اور اخلاقی مضبوطی جرائم کے خلاف لڑائی میں ضروری ہے اور کھیل اسی کی بنیاد ہیں۔
سندھ وزیر کھیل سردار محمد بُخس مہر نے کہا کہ کھیل جسم اور دماغ دونوں کو صحت مند رکھتے ہیں اور پولیس کے چیلنجنگ پیشے کے لیے یہ مقابلے سالانہ ہونے چاہیے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اعلان کیا کہ سندھ پولیس گیمز اب سالانہ منعقد ہوں گے اور پولیس جدید ٹیکنالوجیز سے لیس کی جا رہی ہے۔ اختتامی تقریب میں فاتح کھلاڑیوں کو تمغے اور شیلڈز دی گئیں اور شاندار آتش بازی سے تقریب کا اختتام ہوا۔