دبئی ایئر شو، جے ایف تھنڈر 17 کی اونچی اُڑان، دوست ممالک طیارے خریدنے کو تیار
ایک دوست ملک کے ساتھ JF-17 تھنڈر کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف، پاکستان ایئر فورس نے دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر مختلف دوست ممالک کے فضائی سربراہان سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان ملاقاتوں میں انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر العلوی، انڈر سیکرٹری دفاع یو اے ای اور میجر جنرل رشید محمد الشامسی، کمانڈر یو اے ای ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے ساتھ جامع بات چیت کی۔
بات چیت کا محور جدید تربیت میں تعاون، ابھرتی ہوئی فضائی ٹیکنالوجیز میں شراکت داری، اور موثر عملی ہم آہنگی کے طریقہ کار کو مضبوط کرنا رہا۔
یو اے ای کی عسکری قیادت نے پاکستان ایئر فورس کی جدید کاری کی پہل کاریوں اور مقامی صلاحیتوں کو سراہا اور مشترکہ فوجی مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلے اور مستقبل بین شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
پاکستان ایئر فورس کے دستے نے دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات کا سفر کیا، جس میں جدید JF-17 تھنڈر بلاک-III اور معروف سپر مششک ٹرینر طیارے شامل ہیں، جو پاکستان کی اندرونِ ملک فوجی ہوا بازی میں بڑھتی مہارت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ایونٹ کے دوران JF-17 تھنڈر بلاک-III نے دفاعی تجزیہ کاروں، ہوا بازی کے ماہرین اور شرکاء کی توجہ کا مرکز بن کر اپنی جدید ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیت اور عملی میدان میں تجربہ شدہ کارکردگی ثابت کی۔ یہ طیارہ اپنی اعلیٰ صلاحیت اور کم لاگت والے کثیرالمقاصد فائٹر کے طور پر نمایاں رہا۔
پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی علامت کے طور پر متعدد ممالک نے JF-17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔ ا
یک اہم پیش رفت کے طور پر ایک دوست ملک کے ساتھ JF-17 تھنڈر کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جو پاکستان کی دفاعی اور صنعتی شراکت داری میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
