سوات موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ؛ 15 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ملاکنڈ میں سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور مرد، خواتین اور بچوں سمیت 8 زخمی ہو گئے۔

حادثے کے بعد موٹروے پولیس اور انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں۔

بعض زخمیوں اور لاشوں کو موٹروے عملے نے اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی اسپتال پہنچایا۔

ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ میں ڈاکٹروں نے 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور انہیں سوات ریفر کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تمام متاثرہ افراد ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے گبرال سے تعلق رکھنے والا ایک خانہ بدوش خاندان تھا جو مختلف علاقوں میں موسمی نقل مکانی کرتا رہتا ہے۔

Related posts

کاروباری ہفتے میں مثبت رجحان رہا

جیولن تھرو فائنل میں سری لنکا کے ایتھلیٹ نے میدان مار لیا

حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے کی کمی کردی