حماس کو غیرمسلح ہونا ہوگا، ورنہ ہم کارروائی کریں گے، صدر ٹرمپ کا یوٹرن

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے چند روز بعد ہی یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کو غیرمسلح ہونا ہوگا، ورنہ ہم کارروائی کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس کو جنگ بندی معاہدے پر عمل کرنا ہوگا اور غیرمسلح ہونا ہوگا، بصورت دیگر امریکا خود کارروائی کرے گا۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا میں 8 جنگیں رکوائیں اور 6 تنازعات کو ٹیرف کے ذریعے ختم کیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں کہا کہ “آپ نے لاکھوں زندگیاں بچائیں”، جبکہ بھارتی وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ وہ روسی تیل نہیں خریدیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر کو جارحیت بند کرنے کا مشورہ دیا ہے اور امریکا یوکرین جنگ ختم کرانے کی کوشش کرے گا۔

ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرائے گئے اور دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ گئے تھے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے بھی حماس کی حمایت سے ہاتھ اٹھالیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بائیڈن دور میں محکمہ انصاف نے ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، جبکہ اسپیکر نینسی پلوسی ان کے بیٹے ایرک ٹرمپ کو عمر قید دلوانا چاہتی تھیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ٹیرف کے خلاف مقدمے میں امریکی سپریم کورٹ میں جیتیں گے۔

Related posts

قومی سائیکلسٹ نتالیہ خان 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

شاہد آفریدی نیشنل بینک میں اسپورٹس کنسلٹنٹ مقرر

متحدہ عرب امارات نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے۔