عبدالقدیر خان کو بچھڑے 4 برس بیت گئے

پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے محسن پاکستان عبدالقدیر خان کو ہم سے بچھڑے 4 برس بیت گئے، قوم آج پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے عظیم سائنس دان کی چوتھی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔

عبدالقدیر خان  یکم اپریل 1936 کو بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے، انہوں نے دنیا بھر کے ممتاز تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور انتہائی نامساعد حالات میں وطن ِعزیر کو دنیا بھر میں ناقابل تسخیر بنایا۔

ایٹمی طاقت کا حصول اتنا آسان نا تھا تاہم اس خواب کی تعبیر کوعبدالقدیر خان نے سچ کردکھایا، انہوں نے اپنی ان تھک محنت اور بے لوث جذبے سے قلیل مدت میں یورینیم افزودگی کا وہ کارنامہ سرانجام دیا جو بظاہر ناممکن نظر آتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کلفٹن میں واقع ڈاکٹر عبدالقدیر خان فیملی پارک کا افتتاح کر دیا

ڈاکٹر عبدالقدیر کی سربراہی میں ہی پاکستان نے بھارتی ایٹم بم کے تجربے کے جواب میں مئی 1998 میں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران کامیاب ایٹمی تجربہ کرکے دنیا میں نیا اعزاز حاصل کیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے 14 اگست 1996 کو پاکستان کا سب سے بڑا سِول اعزاز نشانِ امتیاز جبکہ 1989 میں ہلال امتیاز سے نوازا۔

پاکستان کے نامور سائنسدان اور ایٹمی پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان 10 اکتوبر 2021 کو طویل علالت کے باعث 85 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے، تاہم وہ وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بناگئے قوم ان کے اس عظیم احسان کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ 

Related posts

تدویر گروپ اور الخیل اسکوائر نے ویسٹ مینجمنٹ فریم ورک تیار کرنے کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔

قومی جونیئر اسکواش ٹیم میڈلز کے خواب لیے چین پہنچ گئی

ایران پر ممکنہ حملے کی بازگشت، امریکا میں نئی سیاسی کھینچا تانی شروع