اقوام متحدہ، مہاجرین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، امیر مقام کا خطاب

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان، انجینئر امیر مقام نے عالمی برادری کی توجہ مہاجرین، موسمیاتی تبدیلی، غزہ کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کی جانب مبذول کرائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غزہ کے عوام اس وقت تاریخ کے بدترین مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، اور عالمی برادری کو انسانی حقوق کی اس پامالی پر خاموشی توڑنی ہوگی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ دنیا بھر میں 132 ملین افراد بے گھر ہیں اور یہ ایک ایسا انسانی بحران ہے جس سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

پاکستان، جس نے گزشتہ کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے اب ان کی باعزت اور محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے دوچار ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف انسانی جانوں بلکہ معیشت کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو چاہیے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی اور ملک کی معیشت کو 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

امیر مقام نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی اقتصادی بحالی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے تعاون بڑھایا جائے۔

Related posts

متحدہ عرب امارات کی کمیونٹی نے اتوار کو ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔

جیٹ فیول کی قیمت میں بڑی کمی، لائٹ ڈیزل مہنگا

دوسرا ٹیسٹ؛ بنگلادیش 278 رنز پر ڈھیر، پاکستان کا محتاط آغاز