اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد محفوظ اور خیریت سے ہیں، توقع ہے کہ بیرونِ ملک موجود اپنے تمام شہریوں کی واپسی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔
گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار پاکستانی شہریوں کی گرفتاری پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے، اسرائیلی قابض افواج کے زیرِ حراست پاکستانی شہریوں کی حفاظت فوری واپسی کو یقینی بنانے کیلئے شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع کے ذریعے تصدیق ہو چکی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قابض افواج کی حراست میں ہیں، مشتاق احمد محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقامی قانونی طریقۂ کار کے مطابق سینیٹر مشتاق کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، ملک بدری (ڈیپورٹیشن) کے احکامات کے بعد سینیٹر مشتاق احمد کی وطن واپسی کو تیز ترین بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ ان افراد کی بحفاظت واپسی کو بھی یقینی بنا چکی ہے جنہوں نے پہلے ہی فلوٹیلا سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ برادر ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستانی شہریوں کی واپسی میں مدد فراہم کی، پاکستان کی حکومت بیرونِ ملک موجود اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، توقع ہے کہ واپسی کا عمل آئندہ چند دنوں میں مکمل ہو جائے گا۔
