کراچی: ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آج پہلی بار آمنے سامنے ہوں گے، دیکھتے دونوں ٹیموں نے اب تک جو میچ کھلیے ہیں، ان میں کس کا پلڑا بھاری رہا ہے؟
واضح رہے کہ 41 سالہ ایشین یونٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں روایتی حریف اس ایونٹ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے، اس موقع پر نظر ڈالتے ہیں کہ عالمی کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنلز میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کیسی رہی ہے۔
اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان 11 بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے فائنلز کھیلے جا چکے ہیں۔ دونوں نے 7، 7 فائنلز میں کامیابی حاصل کی ہے، یوں ریکارڈ برابر ہے۔
دونوں کے درمیان پہلا فائنل 1985 میں میلبرن میں ہوا، جہاں بھارت نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اگلے ہی سال 1986 میں شارجہ میں ہونے والے آسٹرل ایشیا کپ کے فائنل میں جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے پاکستان کو ایک وکٹ سے یادگار فتح دلائی۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا پاک بھارت ایشیا کپ فائنل بڑی اسکرینوں پر دکھانے کا اعلان
1991 اور 1994 کے شارجہ فائنلز میں بھی پاکستان نے بالترتیب 72 اور 39 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم 1998 میں ڈھاکا میں سلور جوبلی کپ کی تین فائنلز پر مشتمل سیریز میں بھارت نے پہلا اور تیسرا فائنل جیتا، جبکہ پاکستان نے دوسرا میچ اپنے نام کیا۔
1999 پاکستان کے لیے کامیاب سال ثابت ہوا، جب اس نے بھارت کو دو الگ الگ فائنلز میں ہرایا—بنگلور میں 123 رنز سے اور شارجہ میں 8 وکٹوں سے۔
بعدازاں 2007 میں جوہانسبرگ میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 رنز سے شکست دی۔ 2008 میں کٹ پلے کپ کے فائنل میں پاکستان نے 25 رنز سے فتح حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ بڑا فائنل 2017 میں کھیلا گیا، جب پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز کی بھاری شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔
یوں پاک-بھارت کرکٹ فائنلز کی تاریخ میں کبھی بھارت کا پلڑا بھاری رہا تو کبھی پاکستان نے سبقت لی، اور اب ایشیا کپ 2025 کا فائنل دونوں کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
