دنیا کی جدید ترین فضائی قوت حاصل کرنے کے امریکی منصوبے کو ایک اہم سنگِ میل عبور ہو گیا ہے، جب بوئنگ نے “ایف-47” چھٹی جنریشن کے اسٹیلتھ فائٹر جیٹ کی پیداوار باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے۔
یہ طیارہ امریکی فضائیہ کے “نیکسٹ جنریشن ایئر ڈومیننس” (NGAD) پروگرام کا مرکزی جزو ہے۔
یہ اعلان ایئر فورس چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ آلوِن نے 2025 کی ایئر، اسپیس اینڈ سائبر کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کے مطابق، ایف-47 کی تیاری میں ہزاروں گھنٹے کی تحقیق، سینکڑوں تجرباتی پروازیں اور طویل مدتی لیبارٹری ورک شامل رہا۔

جنرل ڈیوڈ آلوِن نے کہا کہ ہمیں تیزی دکھانی ہے، وقت کم ہے۔ پہلا ایف-47 طیارہ 2028 میں پرواز کرے گا، بوئنگ نے صرف چند ماہ میں اس کی تیاری کا عمل شروع کر دیا ہے، جو ہماری سنجیدگی اور رفتار کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ مارچ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود اس منصوبے کا اعلان کیا تھا کہ بوئنگ کو اس اگلی نسل کے عملے والے فائٹر جیٹ کی تیاری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ایف-47 نہ صرف ایک طیارہ ہے بلکہ یہ جدید ڈرونز، انجن، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز، سینسرز اور نیٹ ورکنگ ایکو سسٹم پر مبنی ایک مکمل جنگی نظام کا حصہ ہے۔
Meet the @USAirForce‘s sixth-generation fighter, the F-47, bringing next-gen technologies to ensure air dominance for decades to come.#AFANational pic.twitter.com/eUEfW2JzD8
— Boeing Defense (@BoeingDefense) September 22, 2025
اگرچہ ایف-47 کی تفصیلات اب تک خفیہ رکھی گئی ہیں، تاہم امریکی فضائیہ کی جانب سے دو سرکاری تصاویری خاکے (رینڈرنگز) جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق طیارے میں نمایاں کینارڈ (Canard) ونگز موجود ہیں جو کہ پرواز میں چابکدستی تو فراہم کرتے ہیں، مگر ریڈار سے پوشیدہ (stealth) رکھنے کے لیے ایک چیلنج بھی سمجھے جاتے ہیں۔

سیکریٹری ایئر فورس ٹرائے مینک نے مذاقاً کہا کہ مجھے یقین ہے کہ چین کے انٹیلیجنس تجزیہ کار ان تصاویر کو بار بار دیکھ رہے ہوں گے، مگر انہیں کچھ خاص ملنے والا نہیں کیونکہ ہم نے احتیاط سے ہر چیز چھپائی ہے۔
“ایف-47” امریکی فضائیہ کا وہ خفیہ ہتھیار ہے جو نہ صرف امریکہ کی فضائی برتری کو دہائیوں تک یقینی بنائے گا بلکہ چین اور روس جیسے حریفوں کے لیے بھی ایک مسلسل دردِ سر بن سکتا ہے۔
اگر تمام مراحل منصوبے کے مطابق جاری رہے تو یہ طیارہ صدر ٹرمپ کی موجودہ مدت ختم ہونے سے پہلے یعنی 20 جنوری 2029 سے پہلے اپنی پہلی پرواز مکمل کرے گا۔
