وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کو فنڈ کے جاری اقتصادی جائزے میں شامل کیا جائے۔
یہ بات انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دیرینہ اور تعمیری شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے اور پروگرام کے اہداف پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب نے معاشی ڈھانچے پر سنگین اثرات ڈالے ہیں جنہیں جائزے میں مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ نقصانات کا درست تخمینہ بحالی کے مؤثر اقدامات کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد کے عزم کی تعریف بھی کی۔