دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی اہم میٹنگ ہوئی جس میں کھلاڑیوں نے اپنی حالیہ بیٹنگ کارکردگی پر کھل کر بات کی۔
مقامی نیوز چینل کے مطابق کھلاڑیوں نے برملا اعتراف کیا کہ بیٹنگ لائن اپ توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ سے دستبرداری، پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوسکتا تھا
اجلاس میں ہر کھلاڑی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ بیٹنگ کے دوران اسٹرائیک کو مسلسل روٹیٹ کرنا نہایت ضروری ہے۔ بولرز نے بھی مانا کہ موجودہ کنڈیشنز بیٹرز کے لیے مشکل ہیں، تاہم کھلاڑیوں نے ٹیم مینجمنٹ کو یقین دلایا کہ آنے والے میچز میں کارکردگی بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا کہ سپر فور مرحلے میں جیت کے لیے متحد ہو کر کھیلیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کے دوران اب تک تین میچز کھیلے ہیں جن میں سے دو میں کامیابی ملی جبکہ بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹورنامنٹ کے دوران قومی بیٹرز تسلسل سے اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں، جس پر ٹیم کے اندر تشویش پائی جا رہی ہے۔
