ریکوڈک معاہدوں میں بڑی پیش رفت، ای سی سی نے حتمی منظوری دے دی

ریکوڈک منصوبے کے سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک کے حتمی معاہدوں اور مالی وعدوں کی منظوری دے دی ہے۔

 یہ فیصلہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں متعدد وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام اور متعلقہ وزارتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت ریلوے اور ریکوڈک مائننگ کمپنی کے مابین ریل ڈویلپمنٹ معاہدہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، جس کے تحت 390 ملین ڈالر کی برج فنانسنگ سے 1,350 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔

یہ ریلوے لائن بلوچستان سے معدنیات کی برآمد کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی معاشی تصویر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ روزگار کے مواقع، انفراسٹرکچر کی بہتری اور طویل المدتی سماجی و اقتصادی فوائد فراہم کرے گا۔

اجلاس کے دوران ای سی سی نے ہدایت کی کہ وزارت ریلوے معاہدے کی تفصیلات وزارت خزانہ کے ساتھ شیئر کرے اور مارچ 2026 تک منصوبے پر پیش رفت کی رپورٹ ای سی سی کو پیش کی جائے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے معاہدوں کی سمری اجلاس میں پیش کی گئی، جسے باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔ تاہم ای سی سی نے واضح کیا کہ اگر حتمی دستاویزات میں کوئی بڑی تبدیلی کی جائے تو دوبارہ منظوری لینا لازمی ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء علی پرویز ملک، رانا تنویر حسین، قیصر احمد شیخ کے علاوہ ریگولیٹری اداروں اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

Related posts

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، ایک ہفتے میں کتنا اضافہ ہوا؟

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہوسکتے ہیں، امریکی اخبار

دبئی سرنگوں کو عوامی آرٹ کی جگہوں میں تبدیل کرنے کے لیے – فنکاروں کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا۔