پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر یاسر نواز نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اپنی ازدواجی زندگی کے دلچسپ پہلو مداحوں سے شیئر کیے۔
پروگرام کے دوران میزبان نے یاسر نواز سے پوچھا کہ ان کی اور اداکارہ ندا یاسر کی کامیاب شادی کا راز کیا ہے؟ اس پر اداکار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ “کامیاب شادی کا راز خاموشی ہے۔”
ان کے مطابق یہ مشورہ دونوں پارٹنرز کے لیے ہوتا ہے لیکن عمل صرف ایک ہی کرتا ہے۔
گفتگو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ جھگڑے کی صورت میں صلح کون کرتا ہے؟ تو یاسر نواز نے کہا کہ جس کی غلطی ہو، وہی مناتا ہے لیکن اگر غلطی ندا کی ہو تو مجھے پیغام بھیج کر یاد دلانا پڑتا ہے کہ تم سے فلاں کام میں غلطی ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ یاسر اور ندا کی شادی 2002 میں ہوئی تھی اور یہ جوڑا تین بچوں (دو بیٹے اور ایک بیٹی) کے والدین ہیں، تاہم دونوں شوبز کے کامیاب اور مقبول جوڑوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ـ