پنجاب پولیس کا کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال

لاہور: پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے رونتی میں ڈاکوؤں کے خلاف جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سرپرائز آپریشن کیا جس میں متعدد پناہ گاہیں اور ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی میں بعض ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں، پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ ٹارگٹڈ آپریشن کچے کے ان ڈاکو گروہوں کے خلاف کیا گیا جنہوں نے کئی شہریوں کو یرغمال بنا رکھا تھا۔

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں جزیرہ نما علاقے میں ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ڈی پی او نے کہا کہ پولیس کا آپریشن جاری ہے اور ڈاکوؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق جلد یرغمالیوں کی بازیابی یقینی بنائی جائے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آپریشن میں شامل ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ایک طرف سیلاب متاثرین کی امداد میں مصروف ہے اور دوسری جانب کچے کے مجرمان کے خلاف بھی پوری قوت کے ساتھ سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی خدمت اور تحفظ کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے بھی ڈرون ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

Related posts

بولڈ ڈریسنگ پر مائرہ خان سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں

ایمان فاطمہ کے ساتھ ندیم نانی والا کی ویڈیو وائرل؛ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی

نمرہ خان اور زین حامد کی راہیں جدا، بالآخر طلاق کی تصدیق ہوگئی