بیجنگ: چین نے دنیا کی پہلی آل فریکوئنسی 6 جی چپ تیار کرکے انٹرنیٹ کی رفتار میں انقلاب برپا کردیا۔
چین نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی پہلی آل فریکوئنسی 6 جی چِپ تیار کرلی ہے جو وائرلیس اسپیکٹرم کی تمام فریکوئنسیز پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس انقلابی ایجاد کے ذریعے انٹرنیٹ کی رفتار 100 گیگا بائٹس فی سیکنڈ سے زائد تک پہنچ سکتی ہے جو عام صارفین کے لیے سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے دور دراز علاقوں میں رابطے کے مسائل کو بھی حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
صرف چند سیکنڈز میں 8 کے ویڈیو ڈاؤن لوڈ
اس ٹیکنالوجی کی بدولت مستقبل میں صرف چند سیکنڈز میں 50 جی بی کی 8 کے ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوسکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایجاد نہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرے گی بلکہ اس کے ذریعے آن لائن تعلیم کو فروغ ملے گا، خاص کر کسان اپنی فصلوں کی براہِ راست نگرانی کر سکیں گے اور دیگر جدید سہولیات میں بھی انقلاب برپا ہوگا۔
چینی سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ پیش رفت دنیا بھر میں 6 جی ٹیکنالوجی کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگی۔