افغانستان نے تین ملکی ٹی20 سیریز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔ شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 38 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ اوپنر ابراہیم زدران نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ صدیق اللہ نے 54 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔
مڈل آرڈر بیٹرز نے بھی برق رفتاری سے رنز جوڑے، جس کی بدولت افغانستان ایک مضبوط ہدف دینے میں کامیاب رہا۔
یو اے ای کی جانب سے محمد روحد اور صغیر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں یو اے ای کی ٹیم 189 رنز کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 150 رنز ہی بنا سکی۔ اوپننگ بیٹر محمد وسیم نے مزاحمت کرتے ہوئے 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے ایک بار پھر اپنی اسپن جادوگری دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شرف الدین اشرف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
یو اے ای کی بیٹنگ لائن افغان بولرز کے آگے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکی، اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم 150 رنز تک محدود رہی۔