دو کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف، 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی مہم ملک میں موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایک انتہائی اہم وقت پر شروع کی جا رہی ہے، کیونکہ متاثرہ علاقوں میں نہ صرف پولیو بلکہ دیگر ویکسین سے قابلِ بچاؤ بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کے لیے ایک اور فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے یکم ستمبر 2025 سے 99 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اس مہم کے دوران دو کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت صحت اور پولیو ایریڈیکیشن پروگرام کے مطابق، مہم میں 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد تربیت یافتہ پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گے تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے ہدف کے قریب لایا جا سکے۔
قومی ادارہ صحت اور انسداد پولیو پروگرام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مہم کے دوران پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔