
دریائے ستلج اور چناب میں سیلابی صورتحال؛ الرٹ جاری
دریائے ستلج اور چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد پر پانی کے دباؤ میں مسلسل اضافے کے باعث ہیڈ ورکس کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، قادر آباد ہیڈ ورکس کے متاثر ہونے کی صورت میں حافظ آباد اور چنیوٹ کے علاقے شدید متاثر ہوں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کو شہریوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب دریائے ستلج میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے اور پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار 53 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے ہائی فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں سے متاثرہ افراد کے ہنگامی انخلاء میں مصروف ہیں اور اب تک 6 ہزار 747 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے 3 ہزار 206 مویشیوں کو بھی بروقت محفوظ جگہ پہنچایا ہے جبکہ آپریشن تاحال جاری ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔