پاکستان کی معروف اداکارہ حرا مانی حالیہ بارشوں کے دوران لی گئی تصاویر کی بنا پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گئیں۔
حرا مانی کی نیلی ریشمی ساڑھی میں بارش سے لطف اندوز ہوتی تصاویر اور شاعرانہ کیپشن نے مداحوں اور ناقدین کی توجہ حاصل کر لی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’موسم بتا رہا ہے شرارت کس کی ہے، بوندیں بتا رہی ہیں حرارت کس کی ہے‘، یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، تاہم اس کے ساتھ ساتھ منقسم ردعمل بھی سامنے آیا۔
بعض صارفین نے تصاویر کو “غیر ضروری بولڈ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے تناظر میں ایسا مواد شیئر کرنا غیر حساس رویہ ہے جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ جب عوام مشکلات میں گھرے ہوں، تو فنکاروں کو احتیاط برتنی چاہیے۔
کچھ افراد نے حرا مانی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے انداز میں شائستگی اور سنجیدگی لائیں اور ایسے مواد سے گریز کریں جو ان کی فنی ساکھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب حرا مانی کے مداحوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں کو بھی ذاتی اظہارِ رائے اور خوشی منانے کا حق ہے اور انہیں صرف ان کے لباس یا پوسٹ کے انداز پر جانچنا مناسب نہیں۔