کراچی میں مون سون کے طاقتور سسٹم کے زیر اثر دوبارہ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد شہر بھر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
مختلف حادثات کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور 10 سے زائد زخمی ہوئے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہر کا بیشتر حصہ متاثر ہوگیا اور متعدد علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا ہے جبکہ حکومتی لاپرواہی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے دوران شہر کی اہم سڑکوں اور اندرونی گلیوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ گلشن حدید، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، لیاقت آباد، اور ایکسپریس وے جیسے اہم مقامات پر بارش کا پانی بھر گیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
گلشن حدید کی گلیوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے سبب مقامی شہری اپنے قیمتی سامان کو محفوظ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں 600 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ اور انڈر گراونڈ کیبل فالٹس کی وجہ سے کے الیکٹرک کا ڈسٹری بیوشن سسٹم بری طرح متاثر ہوا۔
نیو کراچی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، اور کورنگی سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی کی بھرائی کے باعث شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں، اور لوگ پیدل اپنی منزل کی طرف جا رہے ہیں۔
جبکہ کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باعث موبائل ٹاورز نے بھی کام کرنا بند کر دیا ہے اور متعدد علاقوں میں موبائل فونز اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور چھتیں ٹوٹنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ سولجر بازار میں بخشی اپارٹمنٹ کی دیوار گرنے کے باعث عمارت میں موجود 80 افراد پھنس گئے، جنہیں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے کامیابی سے نکال لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ نالوں اور ڈرینج سسٹم کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے۔ انہوں نے میئر کراچی کو مشینری متحرک رکھنے کی ہدایت دی۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین روز تک کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔