پاکستان کے یوم آزادی کا جشن 2 عالمی طاقتوں کو قریب لے آیا ۔ مختلف تنازعات کے سبب دور دور رہنے والی دو اقوام کے نمائندہ پاکستانی تقریب میں ساتھ بیٹھ گئے۔
یہی نہیں کہ ساتھ بیٹھے بلکہ پاکستان کی 78 ویں جشن آزادی کی تقریب کا لطف بھی اٹھاتے رہے ۔ ویڈیو بھی بنائی اور ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی کرتے رہے ۔
جی ہاں! یہاں بات ہورہی ہے 2 بڑی عالمی طاقتوں چین اور امریکا کی ۔ پاکستان کے یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں چینی سفارتکار اور امریکا حکام ایک دوسرے کے برابر میں بیٹھے لطف اٹھاتے دیکھے گئے۔ امریکی سفارتکار نے چینی خاتون سفارتکار کی ساتھ سیلفی بنائی ۔
چینی خاتون سفارتکار بھی تقریب میں نشر کیے گئے چینی نغمے پر جھومتی دکھائی دے رہی تھیں۔ دونوں مہمانوں نے ایک دوسرے کے برابر میں بیٹھ کرپاکستان کے یوم آزادی کاخوب لطف اٹھایا۔
پاکستان عالمی سطح پر تیزی سے امن کا سفیربن کر ابھر رہا ہے ۔ پاکستانی حکام اپنے عالمی دوروں میں امریکا اور چین کو قریب لانے کےلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کرچکے۔
واضح رہے کہ امریکا اورچین میں کئی امور پر اختلافات اور تنازعات ہیں ۔ تاہم پاکستان کے دونوں ہی بڑی طاقتوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں ۔
انہی دوستانہ تعلقات کی ایک جھلک یوم آزادی کی تقریب میں دیکھی گئی ۔ جب یہ 2 عالمی طاقتوں کے نمائندے ایک ساتھ بیٹھ گئے اورتقریب سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔