تحفظ ماحولیات ایجنسی خیبر پختونخوا کی لیبارٹری میں 62 فیصد مشینوں اور سامان کے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق لیبارٹری میں نصب 85 میں سے 53 مشینیں اور لازمی آلات کام نہیں کر رہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 26 ویسٹ واٹر میٹیریل اینالیسز اور 6 اسٹاک گیس اینالیسز مشینیں بند پڑی ہیں، جبکہ فضائی آلودگی کی نگرانی کے لیے انتہائی اہم ایئر ایمبیئنٹ مشین بھی غیر فعال ہے، جسے فعال کرنے پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد خرچ آئے گا۔
مزید پڑھیں: باچا خان ایئرپورٹ پر کورونا کی تشخیص کیلئے قائم لیبارٹریز میں غیر معیاری سہولیات کا انکشاف
پینے کے پانی کی جانچ کے 19 سیکشنز میں سے 13 بند ہیں۔ فضائی آلودگی چیک کرنے کی 9 مشینوں میں سے 7، پانی کی جانچ کی 44 میں سے 26، اور فضا میں زہریلی گیسوں کی جانچ کی 10 مشینوں میں سے 6 خراب ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مشینری کی خرابی ماحولیات کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل کو شدید متاثر کر رہی ہے۔