اسلام آباد: عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس میں وزیراعظم اور وزراء کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجنے کا معاملہ ابھی تک التوا کا شکار ہے۔
رجسٹرار آفس نے بتایا ہے کہ نوٹس فریقین کو بھیجنے کا عمل وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔
رجسٹرار آفس کے ذرائع کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے دفتر سے 16 جولائی کو نوٹ موصول ہوا تھا کہ سماعت 21 جولائی کو ہوگی، تاہم اس تاریخ سے پہلے ہفتہ وار روسٹر جاری ہوچکا تھا، جس میں ترامیم کی ضرورت تھی تاکہ کاز لسٹ جاری کی جا سکے۔
رجسٹرار ہائیکورٹ نے کہا کہ 16 جولائی کے بعد مجاز اتھارٹی کو نوٹ بھیجا گیا تھا، جس کا جواب ابھی موصول نہیں ہوا، جیسے ہی جواب آئے گا، اس معاملے پر آگے کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی، صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو روز قبل وفاقی کابینہ کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔