وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری آخری مرحلے میں، 10 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان
اکنامک سروے 9 جون کو جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے
حکومت آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے اور ذرائع کے مطابق بجٹ 10 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 10 جون کی شام 5 بجے منعقد ہونے کی توقع ہے جس کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس بلانے کی سمری متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سے قبل اہم معاشی فیصلوں کے لیے وزیرِاعظم نے قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس 8 جون کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس کے نوٹیفکیشن کے جلد جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ وزیرِاعظم خود اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ کے اہم ارکان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِاعظم اور گلگت بلتستان کے وزیرِاعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔ توقع ہے کہ قومی اقتصادی کونسل آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام اور ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے گی۔
ادھر معاشی کارکردگی کا سالانہ جائزہ پیش کرنے کے لیے اکنامک سروے 9 جون کو جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد وفاقی بجٹ باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
