ایران جھکنے والا نہیں ، ایرانی صدر کا امریکا اور اسرائیل کو کھلا چیلنج
تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے، مسعود پزشکیان
صدر مسعود پزشکیان نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو دباؤ میں لا کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی، اور ایرانی قوم ایسے کسی بھی اقدام کو سختی سے مسترد کرے گی۔
دارالحکومت تہران میں ایمرجنسی سروسز حکام سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نہ تو جنگ کا خواہاں ہے اور نہ ہی خطے میں عدم استحکام چاہتا ہے، بلکہ ہمیشہ تعمیری مذاکرات اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جانا چاہیے، نہ کہ دباؤ یا دھمکیوں کے ذریعے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات جلد دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، اور اس سلسلے میں پاکستان ممکنہ میزبان ہو سکتا ہے۔ تاہم تہران کی جانب سے اس پیش رفت پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا گیا۔
