ٹرمپ کی تنقید کے بعد بھی جنگ کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا، پوپ لیو کا اعلان
مجھے نہیں لگتا کہ انجیل کا پیغام اس طرح غلط استعمال کیا جانا چاہیے، پوپ لیو
پوپ لیو نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر تنقید کے بعد بھی وہ جنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ لیو نے اتوار کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ بحث میں نہیں پڑنا چاہتے۔
انہوں نے کہا ’’مجھے نہیں لگتا کہ انجیل کا پیغام اس طرح غلط استعمال کیا جانا چاہیے جس طرح کچھ لوگ کررہے ہیں‘‘
پوپ لیو نے واضح کیا کہ وہ مسلسل جنگ کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، امن کو فروغ دیں گے اور مذاکرات کو آگے بڑھائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج دنیا میں بہت زیادہ لوگ مصائب کا شکار ہیں، بہت زیادہ معصوم لوگ مارے جارہے ہیں اور میرے خیال میں کسی کو کھڑے ہوکر کہنا چاہیے کہ ایک بہتر راستہ بھی ہے۔
خیال رہے کہ پوپ لیو نے گزشتہ دنوں میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ پر شدید تنقید کی تھی جب کہ انہوں نے امن کی اپیل کرتے ہوئے جنگ کی مذمت بھی کی تھی۔
اس بیان کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں پوپ کو ’’خوفناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پوپ لیو کمزور ہیں اور خارجہ پالیسی کے معاملے میں خوفناک ہیں۔
