امریکا نے اپنے ابھینندن کو چھڑانے کے چکر میں کروڑوں ڈالر کا نقصان کر ڈالا
یہ طیارے خاص طور پر خفیہ کارروائیوں، دشمن کے علاقوں میں دراندازی اور فوجی انخلا کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں
ایران میں امریکی پائلٹ کو ریسکیو کرنے کیلئے کیا گیا خفیہ آپریشن امریکا کیلئے مہنگا ثابت ہوا، جہاں جدید فوجی ٹیکنالوجی سے لیس قیمتی طیارے ضائع ہو گئے اور مشن متنازع بن گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی افواج نے ایک خفیہ ریسکیو مشن کے دوران دو جدید MC-130J Commando II طیارے استعمال کیے، تاہم لینڈنگ کے بعد دونوں طیارے ایک متروک ایئربیس پر زمین میں دھنس گئے۔
صورتحال بگڑنے پر امریکی فوجیوں نے حساس ٹیکنالوجی دشمن کے ہاتھ لگنے سے بچانے کیلئے اپنے ہی طیاروں کو تباہ کر دیا۔ دفاعی حکام کے مطابق ہر طیارے کی مالیت 100 ملین ڈالر سے زائد تھی، جس کے بعد مجموعی نقصان 200 ملین ڈالر (تقریباً 55 ارب پاکستانی روپے) تک جا پہنچا۔
یہ طیارے خاص طور پر خفیہ کارروائیوں، دشمن کے علاقوں میں دراندازی اور فوجی انخلا کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں، اور ان میں جدید سینسرز، نیویگیشن سسٹمز اور ایندھن کی دورانِ پرواز فراہمی جیسی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ واقعہ امریکی فوج کیلئے نہ صرف مالی نقصان بلکہ آپریشنل سطح پر بھی ایک بڑا دھچکا ہے، کیونکہ ایسے جدید طیارے انتہائی حساس اور اہم مشنز کیلئے مخصوص ہوتے ہیں۔
