اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایشیائی ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی شرح نمو 2026 میں 3.7 فیصد اور 2027 میں 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ 2027 میں یہ بڑھ کر 8.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
اے ڈی بی نے ترقی پذیر ایشیا کی مجموعی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 4.9 فیصد کر دیا ہے جو اپریل میں جاری کی گئی پیش گوئی کے مقابلے میں 0.2 فیصد کم ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع نے توانائی کی عالمی منڈیوں اور خطے کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2027 میں ترقی پذیر ایشیا کی معاشی شرح نمو 5.1 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ 2026 میں خطے میں مہنگائی کی شرح 4.3 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اپریل کے تخمینے کے مقابلے میں مہنگائی کی پیش گوئی میں 0.7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا ہے کہ توانائی، کھاد اور دیگر بنیادی اجناس کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے جبکہ جغرافیائی کشیدگی اور عالمی مالیاتی حالات میں مزید سختی خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے اہم خطرات ہیں۔
رپورٹ میں چین کی معاشی شرح نمو کا تخمینہ 4.6 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بھارت کی شرح نمو کی پیش گوئی کم کر کے 6.6 فیصد کردی گئی ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا میں کمزور طلب اور مہنگائی کے باعث اقتصادی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
