ایران کا مشرقِ وسطیٰ میں بڑا حملہ؛ 27 امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے
ایران کی مسلح افواج کے ذیلی ادارے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں موجود 27 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر بمباری کے جواب میں جوابی کارروائیوں کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل اور خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں میں اسرائیل کے تل نوف ایئربیس، تل ابیب میں قائم اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈکوارٹر ہاکریا اور اسی شہر میں واقع ایک دفاعی صنعتی کمپلیکس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دوحہ اور دبئی میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم ان کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں واضح تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ایرانی فورسز نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ مزید سخت اور مختلف نوعیت کی کارروائیاں کی جا سکتی ہیں اور جوابی اقدامات جاری رہیں گے۔
تاہم امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ان دعوؤں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
