نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قطر پر اسرائیل کا حملہ مکمل طور پر خلاف توقع اقدام ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے، قطر کے دوست اور برادر ملک کے طور پر پاکستان نے فعال کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور قطر کے درمیان طویل مدتی تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے، وزیراعظم
نائب وزیراعظم نے انٹرویو کے دوران کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد ہم نے صومالیہ کے ساتھ مل کر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی درخواست کی ہے۔
اسحاق ڈار کا یہ بھی کہنا تھا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کے ایک خود مختار ملک پر حملے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسرائیل کا لبنان، شام کے بعد قطر پر حملہ ناقابل قبول ہے، او آئی سی فورم سے بھرپور انداز میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کو بات چیت سے حل کرنے کی حمایت کی ہے۔