اسلام آباد: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب اور ملزم حسن زاہد کے درمیان صلح ہوگئی جس کے بعد سامعہ حجاب نے عدالت میں کیس واپس لینے کا اعلان کردیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اغوا اور دھمکیوں کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سامعہ حجاب نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ فریقین کے درمیان معاملہ طے پا گیا ہے، اس لیے وہ مزید مقدمہ نہیں چلانا چاہتیں۔
جج عامر ضیا نے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنا کیس واپس لینا چاہتی ہیں؟ جس پر سامعہ حجاب نے جواب دیا کہ جی ہاں، مجھے ملزم کی ضمانت اور بریت پر کوئی اعتراض نہیں۔
عدالت نے ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ 20،20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرائیں۔
واضح رہے کہ ملزم حسن زاہد کے خلاف تھانہ شالیمار میں دو مقدمات درج تھے جن میں سامعہ حجاب کے اغوا اور دھمکیوں کے الزامات شامل تھے۔